اسلام آباد :سینیٹر میاں عتیق بیگم کی شکایت پر ٹی وی پر میک اپ ٹپس دکھانے پر پابندی لگوانے کے لئے سرگرم ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قومی صحت کا سجاد طوری کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران بیگم کی ہدایت پر میاں عتیق قائمہ کمیٹی میں مارننگ شوز کا معاملہ لے آئے اور برس پڑے کہ صبح سویرے ٹی وی پر عجیب و غریب ٹوٹکے بتائے جاتے ہیں، اہلیہ نےٹوٹکوں کامعاملہ کمیٹی میں اٹھانے کو کہا ہے۔
جس پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں زبردست بحث ہوئی ، میاں عتیق نے اپنی داستان سنائی کہ ان کی ملازمہ نے ٹی وی پر دکھایا گیا گھریلو ٹوٹکہ آزمایا، اسکا چہرہ جھلس گیا۔
میاں عتیق نے کہا کہ ٹی وی پر حسین بننے کے ٹوٹکے نہ دکھائے جائیں، قائمہ کمیٹی قومی صحت معاملے کا فوری نوٹس لے اور ساتھ پیمرا بیوٹی ٹپس ماہرین کے خلاف کارروائی کرے۔