‘الیکشن کمیشن اگر انتخابات نہیں کراسکتا تو اسے تالے لگا دیں’

سینیٹر مشتاق الیکشن کمیشن

اسلام آباد : سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اگر انتخابات نہیں کراسکتا تو اسے تالے لگا دیں، انتخابات میں تاخیرکا فیصلہ کرکے الیکشن کمیشن اپنے وجود کی نفی کردی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے الیکشن کمیشن کے انتخابات سے معزولی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا گزشتہ روز کا فیصلہ ماورائے آئین ہے ، الیکشن کمیشن اگر الیکشن ہی نہیں کراسکتا تو اسے بند کردینا چاہیے۔

مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ سی سی آئی میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور کے پی فیصلہ نہیں کر سکتے، اس جرم میں گزشتہ مخلوط حکومت بھی شامل ہےجس نے التوا میں مدد کی۔

انھوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل فیصلے کے تحت الیکشن نہ کرانا غیر آئینی ہے، جب الیکشن وقت پر نہیں ہونگے تو جمہوریت ڈی ریل ہوگی اور جمہوریت ڈی ریل ہوگی تو میڈیا کی آزادی خطرے میں ہوگی اور بنیادی انسانی حقوق غصب ہوں گے۔