پاکستان کرکٹ ٹیم اسٹار بلے باز بابر اعظم کے لیے ریکارڈز منتظر رہتے ہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی وہ ایک اہم ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز رواں ماہ شروع ہو رہے۔ اس کا پہلا میچ 21 اور دوسرا و آخری میچ 31 اگست سے شروع ہوں گے اور دونوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 سائیکل کا حصہ ہے اور بابر اعظم اس سیریز میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر کے ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بابر اعظم اب تک 2661 رنز بنا چکے ہیں جو کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور ہے۔ انہیں تین ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 339 رنز درکار ہیں۔
اگر وہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی ممکنہ چار اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کر لیتے ہیں تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پانچویں کھلاڑی بن جائیں گے۔
اس وقت انگلینڈ کے جو روٹ نے ڈبلیو ٹی سی کی تاریخ میں سب سے زیادہ 55 میچز میں 4598 رنز کیساتھ سرفہرست ہیں۔ آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 45 میچز میں 3904 اور اسٹیو اسمتھ 45 میچز میں 3486 رنز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
بابر اعظم سے آگے انگلینڈ کے بین اسٹوکس 48 میچز میں 3101، عثمان خواجہ 32 میچز میں 2886 رنز بنا رکھے ہیں جب کہ بابراعظم نے 29 میچز میں 2661 رنز بنائے ہوئے ہیں۔
اس فہرست میں بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی، بابر اعظم سے پیچھے ہیں، جنہوں نے بالترتیب 2552 اور 2235 رنز بنا رکھے ہیں۔