بنگلہ دیش کیخلاف سیریز، پاکستان ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی

بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈھاکا پہنچ گئی ہے۔

 اے آر وائی نیوز کے مطابق گرین شرٹس دو دستوں کی صورت میں بنگلہ دیش پہنچے ہیں۔

پہلے دستے میں کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، محمد نواز، ابرار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف سمیت سپورٹنگ اسٹاف شامل ہے، جو آج صبح ڈھاکا پہنچا تھا۔

 جب کہ پاکستان ٹیم کا دوسرا گروپ آج صبح کراچی سے روانہ ہوا تھا، جو بدھ کی شامل بنگلہ دیش پہنچ گیا۔

قومی ٹیم کے دوسرے دستے میں محمد حارث، عباس آفریدی، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، سفیان مقیم، حسین طلعت، احمد دانیال، سلمان مرزا اور اسپورٹ اسٹاف کے ارکان شامل ہیں۔

 

تمام کھلاڑی آج اور کل آرام کریں گے جس کے بعد سیریز کے لیے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔
گرین شرٹس ہوم گراؤنڈ میں کامیابی کے بعد اوے سیریز جیتنے کا مشن لے کر بنگلہ دیشی سر زمین پر اتری ہے۔ تین میچوں کی سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا میں شیڈول ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی سیریز کے لیے بھرپور تیاریاں کی ہیں اور میچز کے ٹکٹوں کی قیمت اور فروخت کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 300 ٹکا مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تاحال پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کل بنگال ٹائیگرز اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹی 20 سیریز کے آخری میچ کے بعد اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔