کراچی : موسیٰ کالونی میں 40 گز پر تعمیر 7 منزلہ عمارت گرگئی، عمارت بارش کے باعث ٹیڑھی ہونے کے بعد خالی کرالی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے موسیٰ کالونی میں 7 منزلہ عمارت گر گئی، 40 گز پر 7 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
عمارت بارش کے باعث ٹیڑھی ہونے کے بعد خالی کرالی گئی تھی، واقعے کے بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچ گئے، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ گرنے والی عمارت خالی تھی۔
موسیٰ کالونی میں عمارت گرنے کے واقعے پرڈی سی سینٹرل کا کہنا تھا کہ عمارت 2 سے 3 منزلہ تھی اور 40 سے 60 گز پر بنائی گئی تھی۔
ایس بی سی اے اور ڈی سی سینٹرل کی مشاورت جاری ہے ، عمارت گرنے سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز موجود ہیں، ویڈیو میں کم رقبے پر کثیرالمنزلہ عمارت کھڑی دیکھی جاسکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 3ماہ قبل تمام مکینوں کوپوزیشن دی گئی تھی، عمارت کےاندرمکینوں کاسامان بھی موجود ہے، بلڈر گزشتہ روزبھی مکینوں کو خالی نہ کرنے کا بول کر گیا تھا۔
بلڈرکا کہنا تھاکہ عمارت میں رہو، عمارت نہیں گرے گی اور عمارت گرتےہی بلڈربھاگ گیا، مکین نے بتایا کہ ایک فلیٹ 30 سے 35 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا تھا۔
خیال رہے کراچی میں 556 عمارتیں خطرناک قرار دی گئی، سب سے زیادہ مخدوش عمارتیں ضلع جنوبی میں 429 کے قریب ہیں۔
ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ لیاری میں 102 ، صدر میں 27 ، رنچھوڑ لائن میں 42 ، رامسوامی میں 25 ، آرام باغ میں 41 ، کلفٹن میں 9 ریلوے کوارٹر میں 3 ، سول لائن میں 3 ، آرٹلری میدان میں 10 اور فرئیر میں 2 عمارتیں مخدوش قرار دی ہے۔
اسی طرح ضلع وسطی میں 67 عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ، ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں سب سے زیادہ 54 عمارتیں رہنے کے قابل نہیں۔
ایس بی سی اے نے ضلع شرقی میں 11 ، کیماڑی میں 22 ، کورنگی میں 20 ، ملیر میں 6 اور ضلع جنوبی میں ایک عمارت مخدوش قرار دی ، مخدوش قرار دی گئی عمارتوں کے مکینوں کو انتباہی نوٹسسز جاری کئے تھے۔