ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے بعد شدید تنقید کا شکار قومی آل راؤنڈر شاداب خان نے ڈیڑھ ماہ بعد اپنی خراب کارکردگی پر خاموشی توڑ دی۔
پاکستان گزشتہ ماہ کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا سے شرمناک شکست کے بعد پہلے ہی راؤنڈ میں میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ اس بدترین کارکردگی پر جہاں کپتان بابر اعظم اور پوری ٹیم پر ہی تنقید کی گئی لیکن مسلسل خراب فارم کے باعث شاداب خان کو کھلائے جانے پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔
شاداب خان نے ورلڈ کپ سے واپسی کے بعد لنکا پریمیئر لیگ میں کولمبو اسٹرائیکر کی نمائندگی کر رہے اور وہاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
اب قومی آل راؤنڈر نے ڈیڑھ ماہ کی زباں بندی کے بعد اپنی خراب کارکردگی پر خاموشی توڑ دی ہے اور غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ تین ماہ کی کوششوں کے بعد ان کی فارم بحال ہوگئی ہے اور وہ لنکا پریمیئر لیگ میں وکٹیں لے رہے ہیں۔
شاداب نے اعتراف کیا کہ انہیں گزشتہ سات انٹرنیشنل میچوں میں ایک بھی وکٹ نہیں ملی تھی، تاہم خراب فارم کا مسئلہ کبھی بھی کسی بھی کھلاڑی کو درپیش ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات پرفارمنس اچھی ہوتی ہے اور بعض اوقات خراب، لیکن مشن میں مستقبل مزاجی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ شاداب خان نے لنکا پریمئر لیگ میں اب تک آٹھ میچز کھیل کر 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور وہ لیگ کے ٹاپ بولر ہیں۔