جدہ : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جدہ میں او آئی سی کا مستقل مشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹریٹ میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ملاقات کی۔
شاہ محمود قریشی اور او آئی سی سیکریٹری جنرل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورت حال، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کوبہت اہمیت دیتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امت مسلمہ کودرپیش چیلنجزکا حل یکجہتی، مشترکہ کاوشوں میں ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیرسمیت مختلف معاملات پر حمایت کے لیے مشکور ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جدہ میں او آئی سی کا مستقل مشن قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین نے کہا کہ پاکستان تنظیم کا اہم رکن ہے۔
شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات کی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔