اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سنہ 1965 کے بعد پہلی بار سلامتی کونسل نے کشمیر معاملہ متنازع ہونے کی تصدیق کی۔ تاریخ بتاتی ہے فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان تشدد کی بے لگام خواہش کی یاد دہانی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انتھک سفارتی کوششیں کیں، سنہ 1965 کے بعد پہلی بار سلامتی کونسل نے معاملہ متنازع ہونے کی تصدیق کی۔ تاریخ بتاتی ہے فاشسٹ اور جنگی جنون میں مبتلا ریاستیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
Another damning reminder of India’s unbridled thirst for violence. Contrast to Pakistan’s aggressive efforts to galvanise diplomacy as UNSC met for 1st time formally since ‘65 on IOK validating International dispute status.History reminds fascist warmongering state can never win. pic.twitter.com/YY9vFdjtCp
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) August 17, 2019
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس گزشتہ روز ہوا تھا جس کے دوران کونسل کو مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات پر بریفنگ دی گئی تھی۔ سلامتی کونسل اجلاس میں 5 مستقل اور 10 غیر مستقل نمائندے شریک ہوئے تھے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ارکان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
چینی مندوب کے مطابق مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ تاریخی ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، بھارتی آئینی ترامیم سے خطے میں تناؤ پیدا ہوگا۔
انہوں نےمزید کہا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر چین کو بھی تشویش ہے، بھارتی اقدامات سے چین کی سلامتی بھی چیلنج ہوئی ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات درست نہیں۔