اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سے پائلٹ کی واپسی کی درخواست آئی تو پاکستان کھلے دل سے غور کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ میں کہا کہ بھارتی عوام کو یقین دلاتا ہوں ان کا پائلٹ بالکل محفوظ ہے، گرفتار بھارتی پائلٹ کو طبی اور دیگر سہولتیں بھی دیں گے۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ حالات بہتر کرنے کے لیے پاکستان کوئی بھی مثبت قدم اٹھانےکو تیار ہے، بھارت اور ان کے عوام کو پیغام دیتا ہوں پاکستان ذمہ دار ملک ہے، پاکستان کی مسلح افواج ذمہ دار افواج ہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ پارلیمانی رہنماؤں نے پاکستان کے مفادات کے تحفظ کےعزم کا اعادہ کیا، پارلیمانی رہنماؤں نے حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا، وزیرِ اعظم کی جانب سے تمام پارلیمانی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انھوں نے ان کیمرہ بریفنگ میں کہا کہ چین کے وزیر خارجہ نے فون کر کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا، چین کے وزیر خارجہ نے مجھے اور میں نے انھیں اعتماد میں لیا۔ ایران کے وزیر خارجہ کا بھی فون آیا، انھوں نے بھی پاکستان سے یک جہتی اور تعاون کا اظہار کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے موجودہ صورت حال میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے مؤثر جواب دے دیا، توقع ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے گا: آرمی چیف
وزیر داخلہ نے بریفنگ میں کہا کہ سعودی وزیر خارجہ سے بات ہوئی انھوں نے بھی مکمل یک جہتی کا اظہار کیا، سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ولی عہد کا پیغام دیا، سعودی ولی عہد نے کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے، ہمیں سعودی کردار پر خوشی ہوگی۔
شاہ محمود نے کہا کہ بھارتی اپوزیشن سمجھتی ہے نریندر مودی پلوامہ واقعے پر سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔