ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے: شاہ محمودقریشی

Shah Mehmood

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ترکی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، ترکی پاکستان کا بہت قریبی ساتھی اور پراعتماد دوست ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیرخزانہ اسدعمر دورہ روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوچکے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کی صورت حال پر ترکی کی قیادت کو اعتماد میں لیں گے، سیاسی رفاقت اور دوستی کو تزویراتی اقتصادی شراکت داری میں بدلنا ہے، ترکی کے صدر سے دوطرفہ معاملات پر گفتگو ہوگی۔

انہوں نےکہا کہ ترک قیادت سے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، تجارت، سرمایہ کاری، معیشت اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترکی نے پاکستان کے نقطہ نظر کی ہمیشہ حمایت کی ہے، دونوں ممالک نے خطے کی صورت حال پر اعتماد میں لیا، ترکی نے سہ فریقی مذاکرات میں بھی پاکستان کی حمایت کی۔

وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پرترکی روانہ

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنوری میں ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ پاکستان آئیں گے، پاکستان ترکی اور آذربائیجان سہ افریقی مذاکرات ہوں گے، مذاکرات میں افغان امن عمل اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم دورے کے دوران برنس فورم سے خطاب کریں گے اور تری کی کاروباری شخصیات کے علاوہ ممکنہ سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم ترکی دورے میں قونیہ شہر میں مولانا رومی عجائب گھر جائیں گے اور جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک کے مزار پرحاضری بھی دیں گے۔