9 مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی کا ویڈیو بیان ریکارڈ

9 مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی کا ویڈیو بیان ریکارڈ

راولپنڈی: لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی سے 9 مئی کے مقدمات میں ویڈیو بیان ریکارڈ کر لیا۔

لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کیلیے لاہور پولیس کی 9 رکنی ٹیم ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

ٹیم میں پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے ایکسپرٹس بھی شامل تھے جو اپنے ہمراہ مختلف جدید آلات بھی لائے تھے۔ پولیس نے شاہ محمود قریشی کا ویڈیو بیان ریکارڈ کیا۔

یاد رہے کہ لاہور پولیس کی ٹیم تیسری بار شاہ محمود قریشی سے تفتیش کیلیے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ تفتیشی ٹیم نے تھانہ شادمان، سرور روڈ، مغل پورہ، شاہدرہ، ریس کورس، گلبرگ اور گجرپورہ میں درج مقدمات کی تفتیش کی۔ ٹیم اپنے ساتھ پولی گرافک ٹیسٹ کیلیے کٹ بھی ساتھ لے کر آئی تھی۔

چند روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کیا۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی آزادی مارچ توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے 2 مقدمات میں بری ہوئے۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج دو مقدمات کی سماعت ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف ایڈوکیٹ اور آمنہ علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے اسد عمر عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا فیصلے میں سیشن عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کو بری کر دیا تھا۔