امریکا سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں: وزیر خارجہ

دوحا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ زرعی شعبے میں انفراسٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیشکش کریں گے، امریکا سے تعلقات میں موجود کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ’سب سے دوستی‘ کامیاب ہو رہا ہے، سعودی عرب۔ متحدہ عرب امارات کے بعد قطر سے تعلقات میں مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کو فوڈ سیکیورٹی پر ضمانت دینے کو تیار ہے۔ پاکستان پھل، سبزیوں اور ڈیری آئٹمز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ حالیہ بحران میں قطر کی خوراک کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کی ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں انفرا سٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیشکش کریں گے، پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کی زرعی اجناس قطر کو ایکسپورٹ کرسکتا ہے۔

پاک، امریکا تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تعلقات میں موجود کشیدگی کا خاتمہ اور تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ امریکی سینیٹر گراہم کی پریس کانفرنس روابط میں بہتری کی عکاس ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کل تک جو انگلیاں اٹھاتے تھے، آج تعریفی کلمات کہہ رہے ہیں۔ آج امریکی صدر سے وزیر اعظم کی ملاقات کی خواہش کا اظہار ہو رہا ہے۔ عارضی تعلق سے تذویراتی اشتراک کی خواہش ظاہر کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر لنزے گراہم نے پاک امریکا اسٹرٹیجک تعلقات کے اشارے دیے، امریکی سینیٹر نے اتفاق کیا افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ آج دنیا افغانستان کے سیاسی حل کی بات سے اتفاق کرتی ہے، دنیا افغان امن و مصالحت کی پاکستانی کوششوں کو سراہتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام مشترکہ ذمہ داری ہے۔ افغان مسئلے کے حل کے لیے علاقائی ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، افغانوں کو تمام رنجشیں بھلا کر افغان مستقبل کا سوچنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان سوچ یکساں نہیں ہوگی تو پاکستان تنہا کچھ نہیں کر سکتا، افغان امن آسان کام نہیں لیکن ہم نے کوشش کی۔ کل ہماری نیت پر شک کیا گیا، آج سراہا جا رہا ہے یہ بڑی تبدیلی ہے۔