وزیر خارجہ سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی، کشمیری رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کشمیری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔

ملاقات میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کشمیری رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قیرشی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں خصوصاً عورتوں اور بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ دنیا کی نظر میں اجاگر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل طاقت کے استعمال سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بگڑ رہی ہے، اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں کی رپورٹ میں وہی ہے جو پاکستان بیان کرتا رہا ہے، صدر جنرل اسمبلی سے کہا مسئلہ سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

دوسری جانب مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی ظلم و بربریت جاری ہے، گزشتہ روز بھی قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں فائرنگ کر کے 2 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سال 2018 میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔