وزیر خارجہ کی او آئی سی گروپ کے سفرا سے ملاقات

جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔ بھارت کا غیر آئینی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کے صریحاً منافی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے ملاقات کی۔ ملاقات انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے قبل ہوئی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات اور اس کے مضمرات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔ بھارت کا غیر آئینی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کے صریحاً منافی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر او آئی سی کے بیان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تحقیقات کامطالبہ کیا اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کروانے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے 6 ہفتوں سے کشمیری حریت قیادت کو نظر بند کر رکھا ہے، بی بی سی رپورٹ میں کشمیری نے کہا کہ مجھ پر تشدد نہ کریں، گولی ماردیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کی جانب سے ظلم و بربریت 21 ویں صدی میں کیا جا رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔