پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کے امریکی بیان پرشاہ محمود قریشی کا خیرمقدم

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے جنگیں مسائل کا حل نہیں، حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے، صدر ٹرمپ کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت سے بھی قریبی تعلقات ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کا اس معاملے میں دلچسپی لینا اچھا اور مثبت قدم ہے، کینیڈین وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ابھی مراسلہ ملا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے کشیدگی کے حق میں نہیں رہا۔ کشیدگی کا حل صرف گفت و شنید ہے، بھارت کو کہ چکے ہیں کہ آئیں بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ بننے سے پہلے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی، ہماری نئی سوچ ہے نیا پاکستان بننے جا رہا ہے، ہمیں ماضی میں نہیں رہنا چاہیئے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کاش بھارت ماضی سے نکل کرآگے بڑھے اور صورتحال کو سمجھے، ہم تو پہلے دن سے امن کی بات کر رہے ہیں۔ جارحیت بھارت کی جانب سے کی گئی، ہم نے تو دفاع میں اقدام اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی حقیقت ہے اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، پاک بھارت مذاکرات کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر ہے۔ بھارت سمجھ رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر پر بات کے لیے تیار ہی نہیں ہوتا۔

شاہ محمود قریش کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بات کرنی ہے ہم تیار ہیں، بھارت دہشت گردی پر بات کرنا چاہتا ہے ہم تیار ہیں۔ بھارت جس چیز پر بات کرنا چاہتا ہے ہم تیار ہیں آئیں بیٹھیں بات تو کریں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے جنگیں مسائل کا حل نہیں، حل مذاکرات سے ہی نکلتا ہے۔ امریکی صدر کا اچھا بیان آیا ہے ہمیں اس کو سراہنا چاہیئے، صدر ٹرمپ کے بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، ہمیں جو خبریں مل رہی ہیں، ان کے مطابق کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی۔

اپنے بیان میں امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ امید ہے کہ خطےمیں جلد امن قائم ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان قیام امن کے لیے ہماری کوششیں بھی جاری رہیں گی۔