نئی نسل جاگ اٹھی ہے، سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، شاہ محمود قریشی

جہانیاں : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، ثابت کریں گے کہ نئی نسل جاگ اٹھی ہے، نیا پاکستان بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہانیاں میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ایک نئی کروٹ لے رہی ہے، آج تحریک انصاف ملک کے ہرکونے کونے میں پھیل چکی ہے۔

آئندہ الیکشن کے بعد سندھ میں بھی اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، کے پی کی عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر دوتہائی اکثریت سے کامیاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے، عوام کے فیصلے کو جمہوری انداز میں پیش کریں گے، پی ٹی آئی کی حکومت5سال میں 50لاکھ مکان بنا کردے گی۔

میں لوگوں کے چہرے دیکھتا اورپہچانتا ہوں، آج دنیا بدل گئی ،پاکستان کا نوجوان جاگ گیا ہے، ثابت کریں گے نئی نسل جاگ اٹھی، بنائیں گے نیا پاکستان۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہمم حکومت میں آئے جس ادارے کو بھی ہاتھ لگایا اس میں اربوں روپے کا خسارہ پایا،8ماہ میں ہم عوام کو صحت کارڈ دے رہے ہیں، اربوں روپے ہم بلدیاتی اداروں کو دینے کا ارادہ رکھتے ہیں، گزارش کرتا ہوں کارکنان پی ٹی آئی کے فلسفےکو لے کر آگے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے چین کے ساتھ اہم معاہدے کیے ہیں، ،عمران خان کی قیادت میں بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرینگے۔