پاکستان ہرفورم پرکشمیرکا مقدمہ بہترین طریقے سے لڑرہا ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ہرفورم پرکشمیرکا مقدمہ بہترین طریقے سے لڑ رہا ہے، بھارت کی کشمیر سے متعلق نیت ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 28 دن سے مقبوضہ کشمیرکو جیل بنا کر رکھا ہے، حریت رہنما نظربند ہیں، بھارت کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران، ترکی اور دیگرممالک نے بھارت کے خلاف آواز اٹھائی، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کی زندگی تنگ کردی ہے، بھارت ظلم وجبرسے کشمیر کی آزادی کو دبانا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر پر بیان واضح اور جامع ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں 28ویں روز بھی کرفیو

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 28ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔