اسلام آباد : تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام نے آج تقابلی جائزہ لے لیا کہ کون جمہوریت کے اصولوں کو اپنائے ہوئے ہے اور کون آمریت کی روش اختیار کیے ہوئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پشاور میں آج مسلم لیگ ن کا جلسہ ہے جہاں تحریک انصاف کا جلسہ ہے لیکن وہاں نہ تو کنٹینرز لگے نہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے بلکہ جلسہ کرنے کے لیے تمام سہولیات بھی مہیا کی گئ۔
@SMQureshiPTI exclusive message for PTI workers. pic.twitter.com/158KVT3Z5H
— Team SMQ (@TeamSMQ) October 28, 2016
جب کہ دوسری جانب پنجاب حکومت ہے جہاں چار دیواری کے اندر ہونے والے کنونش میں چڑھائی کردی جاتی ہے، کارکنان کو گرفتار کیا جاتا ہے،خواتین کو بالوں سے گھسیٹا جاتا ہے اور عملاً صوبے کو پولیس اسٹیت بنا دیا جا تا ہے یہ آمرانہ طرز حکومت ہے۔
انہوں کا کہا کہ عوام ان دونوں رویوں کو بہ خوبی دیکھ رہے ہیں اور خود فیصلہ کر لیں گے کہ کون جمہوریت پسند ہے اور کسے آمریت کے ہتھکنڈوں کو استعمال کرنے کا شوق ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ آج ثابت ہو گیا ہے ملک میں بادشاہت قائم ہے اور بادشاہ خود پر تنقید پسند نہیں کرتے لیکن عوام جاگ اُٹھی ہے اور دو نومبر کو عوام کا سمندر اسلام آباد کے اندر ہوگا جو وزیر اعظم سے استعفیٰ لیے بغیر واپس نہیں لوٹے گا،کرپٹ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔