17 دسمبر کو عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ دیں گے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ 17 دسمبر کو چیئرمین عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ تو کہتے تھے کہ تحریک انصاف سنجیدہ ہے تو اسمبلیاں تحلیل کر دے، اب اسمبلیاں تحلیل کرنے لگے ہیں تو ان کو پھر تکلیف ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ لوگ ہی کہتے تھے کہ اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے تو ہم الیکشن کروا دیں گے، پھر اب کیوں نہیں کروا رہے؟ انہیں تو ملکی معیشت کی فکر ہی نہیں، معیشت کہاں جا رہی ہے اس کو بہتر کرنے کے لیے الیکشن کے علاوہ راستہ نہیں۔

انہوں نے وفاقی وزرا کی صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کے بارے میں کہا کہ یہ نشست سیاسی ماحول سے برعکس تھی، ملاقات میں قانونی معاملے پر بات ہوئی، حکومت کسی بل سے متعلق صدر سے ملنا چاہتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بل سے متعلق صدر کو تحفظات تھے جس میں وہ بہتری چاہتے تھے، عارف علوی پی ٹی آئی چیئرمین سے بھی ملاقات کرنے لاہور آئے جبکہ ان کی لاہور میں دیگر مصروفیات بھی تھیں۔