دو سپراسٹار باپ کے کردار میں، تصاویر وائرل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی باپ کے کردار میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے بیٹے ابرام اور آزاد کے ساتھ تصاویر شیئر کی جو وائرل ہوگئیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عامر خان بیٹے آزاد کو کاندھے پر بٹھائے گہری سوچ میں ڈوبے ہوئے ہیں جبکہ شاہ رخ خان اور ابرام کی تصویر سے واضح ہے کہ دونوں ابھی ابھی سو کر اُٹھے ہیں۔

آزاد عامر خان کے چھوٹے بیٹے ہیں اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ کے بیٹے ہیں جبکہ عامر خان کے پہلی اہلیہ رینا دتہ سے بھی ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جن کا نام جنید اور ایرا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں شاہ رخ خان کی فلم زیرو باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی تاہم انوشکا شرما کے معذور لڑکی کے کردار کو مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا تھا۔

View this post on Instagram

Gehri soch 🙂

A post shared by Aamir Khan (@_aamirkhan) on

شاہ رخ ان دنوں خلاء پر جانے والے راکیش شرما کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کررہے ہیں، فلم کا نام ’سلیوٹ‘ رکھا گیا ہے، فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

عامر خان کی فلم ٹھگز آف ہندوستان بھی باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی تاہم فلم نے 300 کروڑ کا بزنس ضرور کرلیا، یش راج فلم ٹھگز آف ہندوستان کو چائنا بھی ریلیز کیا گیا تھا تاہم وہاں بھی وہ ناکام ثابت ہوئی۔