شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کیخلاف مقدمہ درج

شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کیخلاف مقدمہ درج

ممبئی (27 اگست 2025): بالی وڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان اور معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان میں شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون سمیت گاڑیاں بنانے والی کمپنی ہنڈائی کے 6 حکام کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں کیرتی سنگھ نامی شہری نے الزام عائد کیا کہ اسے دھوکا دہی کے ذریعے ایسی گاڑی فروخت کی گئی جس کی مینوفیکچرنگ میں نقائص ہیں۔

کیرتی سنگھ نے الزام لگایا کہ اس نے 2022 میں ہنڈائی سے (Alcazar SUV) گاڑی خریدی تھی لیکن کچھ ماہ کے اندر اس میں بڑے تکنیکی مسائل پیدا ہوئے جنہیں شکایت کے باوجود حل نہیں کیا گیا۔

شہری نے بتایا کہ اس نے گاڑی 23 لاکھ 97 ہزار میں خریدی تھی جس کو تقریباً چھ سے سات ماہ چلانے کے بعد تکنیکی خرابیاں ظاہر ہونے لگیں۔

کیرتی سنگھ نے شکایت درج کر کے بھرت پور میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کورٹ نمبر 2 سے رجوع کیا۔ بعدازاں عدالت نے متھرا گیٹ پولیس اسٹیشن کو سیکشن 420 کے تحت باضابطہ مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔

عدالتی حکم پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان 1998 سے ہنڈائی کے ساتھ منسلک ہیں اور طویل عرصے سے کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

دیپیکا پڈوکون نے دسمبر 2023 میں آٹوموبائل دیو میں بطور سفیر شمولیت اختیار کی اور دونوں اداکاروں نے گزشتہ سال ہیونڈائی کے ایک اشتہار میں ایک ساتھ دکھایا۔