شاہ رخ خان شوٹنگز کے دوران کتنی بار زخمی ہوئے؟

شاہ رخ خان

ممبئی : بھارتی فلموں کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا نے ایک رپورٹ دی تھی کہ شاہ رخ خان ممبئی میں گولڈن ٹوبیکو اسٹوڈیو میں فلم ’کنگ‘ کے ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اگرچہ زخمی ہونے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں تاہم انہیں علاج کیلیے امریکا روانہ کر دیا گیا ہے لیکن اب بھارتی چینل این ڈی ٹی وی نے ان تمام اطلاعات کی تردید بھی کی ہے۔

اب اس بات تصدیق، تردید یا حقیقت کچھ وقت گزرنے بعد ہی عیاں ہوگی، لیکن یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کنگ خان اس سے قبل بھی متعدد بار شوٹنگ کے دوران زخمی ہوچکے ہیں، جن میں سے کچھ وقتاً فوقتاً دوبارہ تکلیف دیتی ہیں اس علاج اور دیکھ بھال کے لیے وہ اکثر امریکا کا سفر کرتے ہیں۔

کنگ خان کن فلموں کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے؟

ایسا پہلی بار نہیں ہوا ان کے پرستار اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ وہ کسی اسٹنٹ کے بجائے اپنے ایکشن زیادہ تر خود ہی شوٹ کرواتے ہیں جس کے سبب وہ کئی بار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بھی ایسی خبریں میڈیا پر شائع ہوتی رہی ہیں کہ 2002میں بننے والی فلم ‘شکتی: دی پاور’ کی عکس بندی کراتے ہوئے انہیں کمر میں شدید تکلیف کی شکایت ہوئی، جس کے بعد انہوں نے برطانیہ میں ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کروائی تھی۔

اس سے قبل سال 1993 میں مشہور فلم ’ڈر‘ کی شوٹنگ کے موقع پر انہیں پسلیوں کی ہڈی کے فریکچر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس کے علاوہ 1997 میں فلم کوئلہ کی شوٹنگ کرتے ہوئے گھٹنے میں زخم اور 2011 میں فلم ‘را-ون’ کی عکس بندی کے دوران ایک بار پھر گھٹنے میں شدید چوٹ آئی تھی۔

شاہ رخ خان کو سال 2007 میں فلم ‘دلہا مل گیا’ اور سال 2008 میں فلم ‘مائی نیم از خان’ کی شوٹنگ کرتے ہوئے کندھے میں چوٹ لگی اور اس طرح کے دیگر واقعات میں وہ اکثر اندرونی اور بیرونی تکالیف کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’کنگ‘ شاہ رخ خان کیلیے اہم پروجیکٹ ہے جس میں ان کی بیٹی سہانا سمیت ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، دپیکا پڈوکون، ارشد وارثی، ابھے ورما، انیل کپور، جیکی شروف، راگھو جوئیل، جئے دیپ اہلاوت اور دیگر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : شاہ رخ خان فلم ’کنگ‘ کے سیٹ پر زخمی ہوگئے، علاج کیلیے امریکا روانہ

اگرچہ فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سال 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔ فی الحال مداح سُپر اسٹار کی جلد صحت یابی اور سیٹ پر جلد واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔