ممبئی: سال 2023 بالی وڈ کے ’کنگ‘ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان کیلیے زبردست رہا جس میں انہوں نے یکے بعد دیگرے تین فلموں سے باکس آفس پر راج کیا۔
شاہ رخ خان نے سال 2023 کی شروعات فلم ’پٹھان‘ سے کی اور پھر ایکشن سے بھرپور فلم ’جوان‘ سے دیکھنے والوں کو متاثر کیا۔ بعد میں انہوں نے راج کمار ہیرانی کی فلم ’ڈنکی‘ سے 2023 کو یادگار بنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 58 سالہ سُپر اسٹار تینوں فلموں کی کامیابی کا جشن منانے کیلیے فیملی کے ہمراہ لندن روانہ ہو رہے ہیں۔ ذرائع بتا رہے ہیں شاہ رخ خان وطن واپسی پر رواں سال کے اپنے پروجیکٹس کا اعلان کریں گے۔
ان خبروں نے شاہ رخ خان کے مداحوں میں تجسس پیدا کر دیا اور اب وہ ان پروجیکٹس کے بارے میں جاننے کیلیے بے تاب ہیں۔
ذرائع یہ بھی بتا رہے ہیں شاہ رخ خان نئے پروجیکٹس سائن کرنے کیلیے جلد بازی نہیں کر رہے، وہ اسکرپٹس ہاتھ آنے پر اطمینان سے فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ بالی وڈ کنگ امسال بھی تین فلمیں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ ان پروجیکٹس کو خفیہ رکھ کر مداحوں کو سرپرائز دیں گے۔