بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کا کالج کے زمانے میں لکھا گیا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
امریکی فورم ریڈیٹ پر چند تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس کے حوالے سے صارفین کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ خط شاہ رخ خان نے کالج کے زمانے میں لکھا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین خط پر تبصرہ کررہے ہیں کہ کامیابی شاہ رخ خان کا مقدر تھی تاہم شاہ رخ خان نے اس خط کے حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
خط کی وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس میں شاہ رخ خان نے اپنی سوانح عمری پر مضمون تحریر کیا ہے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اس میں اجاگر کیا ہے۔
کنگ خان نے خط میں لکھا ہے کہ ’جہاں تک مجھے یاد ہے میرا بچپن بہت خوبصورت اور خوشگوار تھا، میں اپنی بڑی بہن کے بعد والدین کی دوسری اولاد تھا جو بڑی بہن کی پیدائش کے پانچ برس بعد پیدا ہوا تھا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’پانچ برس کی عمر میں میری عام بچوں جیسی حرکتیں تھیں، ماناو ستھلی اسکول کی لڑکیوں کو آنکھ مارنا، اپنی عمر سے چھ سے سات گنا بڑی عمر کی آنٹیوں کو فلائنگ کسز دینا اور ’چکے پہ چکا‘ گانے کی دھن پر ڈانس کرنا۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خط کی تصاویر پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ 7 ستمبر کو بڑے پردے کی زینت بنے گی جس کے ہدایت کار ایٹلی ہیں جبکہ کاسٹ میں نینتھارا، وجے سیتھوپتی، دپیکا پڈوکون ودیگر شامل ہیں۔