‘ عمران خان آج پاکستان سے ہمیشہ کیلیے لوٹا کلچر ختم کرنے جا رہے ہیں ‘

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک میں دو جماعتی نظام ختم کردیا اور وہ آج پاکستان سے ہمیشہ کے لیے لوٹا کلچر بھی ختم کرنے جارہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  عمران خان نے ملک میں دو جماعتی نظام ختم کردیا۔ وہ آج پاکستان سے ہمیشہ کے لیے لوٹا کلچر بھی ختم کرنے جارہے ہیں۔ آج پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا الیکشن ہو رہا ہے جس میں ضمیر فروشی کا نتیجہ عوام کے سامنے آجائے گا۔

شہباز گل نے کہا کہ 3 ماہ میں پاکستان میں جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے۔ سندھ ہاؤس میں جس طرح ضمیر خریدے گئے اور اس کے بعد جس طرح ملک بھر کے عوام کھڑی ہوئی وہ حالات بھی سب کے سامنے ہیں۔ ہمارے 20 امیدواروں کو خریدا گیا لیکن اللہ کے فضل وکرم سے ہم نے 17 جولائی کو 20 میں سے 15 نشستوں پر وائٹ واش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو نظر آنے والے اور مخفی ہاتھوں کو شکست ہوئی۔

راؤ سردار نے جو حرکتیں کیں ان کا نام راؤ غلام ہونا چاہیے۔ جنہوں نے عوام میں پولیس کا استحقاق مجروح کیا۔ آپ نےغیرت مند پولیس والوں سے غلط کام کرایا۔ آپ میں توشرم نہیں اس وردی کی تو شرم رکھیں۔ ابھی حکومت بدلی نہیں آپ پہلے سے ہی بھاگ رہے ہیں۔ آپ بھاگیں نہیں رکیں اب آپ کا محاسبہ ہوگا۔25 مئی کو جو آپ نے کام کیے اس پر آپ کو سزا ملے گی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہمارے 186 لوگ پورے ہیں۔ لوٹا کوئی نہیں ہوگا اگر ہوا تو ایک چینل نے اسے غازی بنا کر پیش کرنا ہے لیکن مجھے ایک سینئر صحافی نے بتایا ہے کہ آج ان کا الیکشن کرانے کا پروگرام نہیں۔ جن کا یہ پروگرام ہے وہ سن لیں کہ یہ سپریم کورٹ کا حکم ہے۔ الیکشن جیتتے ہی تمام غنڈوں کا علاج ہوگا اور جس جس نے غنڈہ گردی کی اس کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری 2 گاڑیوں میں 3 ارب سے زائد کا کیش لاکر ملنے آئے لیکن چوہدری پرویز نے ملنے سے انکار کردیا۔ ہم کہتے ہیں آصف زرداری آپ جاکر سندھ سنبھالو کیونکہ عمران خان آرہا ہے۔

شہباز گل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنگ کے دنوں کا گھوڑا میں ہوں حکومت کے دنوں کا گھوڑا کون ہوگا یہ فیصلہ کپتان کرینگے۔