مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ سندھ میں 10 ارب کی گندم کس نے غائب کی؟ شہباز گل

لاہور : ترجمان وفاقی حکومت ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی اعلیٰ مثال ہے۔

یہ بات انہوں نے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شہباز گل نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ذریعے62فیصد پیسہ صوبوں کو چلاجاتا ہے، وفاق کے پاس جو پیسہ بچ جاتاہے وہ دیگر معاملات میں خرچ ہوتا ہے، سب سے زیادہ گھوسٹ ملازمین سندھ میں ہیں، سندھ میں اپنوں کو نوازنے کیلئے گھوسٹ ملازمین رکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے دیا گیا طبی سامان سندھ حکومت نے ڈاکٹرز کو نہیں پہچایا، باربار پریس کانفرنس کے ذریعے وفاق سے پیسہ مانگا جارہا ہے، وفاق نے سندھ کو اب تک کوئی کیش نہیں دیا اور نہ ہی دیں گے، وفاق کا مؤقف وزیراعظم کی ہدایت پر پیش کرتا ہوں، پیپلزپارٹی کے ایسے بہت سے لوگ ہیں جو پارٹی کیلئے بات کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار فی خاندان وفاق نے دیے، سندھ میں 25سے30لاکھ گھرانوں کو براہ راست امداد دی گئی پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنے منہ میاں مٹھو بننے کی اعلیٰ مثال ہے، دستیاب اعداد و شمارپیپلز پارٹی ناقص پالیسیوں کی عکاس ہیں۔

انہوں نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب بتائیں کہ سندھ کی 10 ارب کی گندم کس نے غائب کی؟ موصوف بتائیں سندھ میں 8 ارب کا راشن غائب کرنے کا حساب کون دے گا؟

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 93000کتوں کے کاٹنے کے واقعات ہوئے ،کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی پر مرتضیٰ وہاب کسے قصوروار ٹھہراتے ہیں؟ لاڑکانہ میں 8ماہ میں13000سے زائد کتے سے کاٹنے کےواقعات ہوئے.

اپریل2020تک سندھ میں 1351 ایڈز کے کیسز سامنے آئے، متاثرہ افراد میں اکثریت بچوں کی ہے مگرسندھ حکومت نے فنڈز نہیں دیئے، تھر میں بھوک سے 1300 سے زائد بچوں کی اموات ہوئی، ان کا ذمہ دار کون ہے؟

سندھ کی ترقی دیکھیں کہ ایمبولینس سے وینٹی لیٹرز تک غائب ہیں، تھر میں بھوک سے اموات،قائد کا شہر کچرے کا ڈھیر، اسکولوں کی حالت ابتر ہے، نااہلیوں کے باوجود پیپلز پارٹی سے سوال کریں تو سندھ کارڈ آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری جانب وفاق بیان بازی پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہے، وفاق نے صحت کی سہولیات اور روزگار کے تحفظ کیلئے1200ارب کا پیکج دیا، بے روزگار ہونے والوں کیلئے 75 ارب کا الگ پیکیج دیا،اسمال انڈسٹریز کیلئے 3 ماہ کے بلز ادا کرنے کا پیکیج دیا.

شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے کی مدد سے سندھ بھر کے اسپتالوں میں ضروری سامان پہنچایا، آپ کا تو یہ حال ہے اپنی نااہلی دورکرنے کے بجائے میڈیا پر حملہ آور ہو گئے، کورونا جیسے حساس معاملے پر سندھ حکومت نے بیان بازی سے کام چلایا، جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹنے والی پیپلزپارٹی میڈیا کیخلاف ہی باقاعدہ مہم چلا رہی ہے۔