اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پی اے سی چیئرمین رہیں گے یا نہیں؟ فیصلہ پیر کو ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہبازشریف کے بطور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین تقرری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر نے کی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے درخواست گزار کے وکیل کو کہا کہ آپ نے کیس پر مکمل طور پر دلائل دیئے، مزید کچھ کہنا چاہتے ہیں توتحریر جمع کروا دیں، عدالت نے شہبازشریف سے متعلق بطور چیئرمین پی اے سی کا فیصلہ محفوظ کرلیا، یہ فیصلہ اب پیر کو فیصلہ سنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں نیب کی زیر حراست شہباز شریف کے ازسرنو اور تفصیلی طبی معائنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کامعائنہ آج پمز کا میڈیکل بورڈ کرے گا، شہباز شریف کو کمر سے ٹانگ تک درد محسوس ہوتا ہے، ان کی ادویات میں ردوبدل کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر شیخ رشید کا عدالت جانے کا اعلان
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے شہبازشریف کی کمر تکلیف میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے گزشتہ روز ان کی ادویات میں ردو بدل کی تھی، میڈیکل بورڈ نے شہبازشریف کو چند روز مکمل آرام کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔