شہباز شریف نواز شریف کیلئے اہم پیغام لے کر لندن روانہ

شہباز شریف نواز

لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نواز شریف کیلئے اہم پیغام لے کر لندن روانہ ہوگئے، کل لندن میں اہم بیٹھک ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف پاکستان میں صرف ایک دن قیام کے بعد دوبارہ لندن روانہ ہوگئے ، شہبازشریف نواز شریف کیلئے اہم پیغام لے کر گئے۔

شہباز شریف رات گئے لندن پہنچیں گے ، جہاں کل لندن میں اہم بیٹھک ہوگی، جس میں صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شرکت کریں گے۔

شہباز شریف کی لندن روانگی پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں ، شہباز شریف لندن سے پاکستان کے لیے یہ کہہ کر روانہ ہوئے تھے کہ وہ نواز شریف کا پاکستان میں استقبال کریں گے لیکن شہباز شریف کی ایک دن بعد ہی اچانک لندن واپسی کو سیاسی حلقے غیرمعمولی قراردے رہے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 21 اکتوبر کو نواز شریف کی پاکستان واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان کے بھائی کو ایک سازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا اور 2018 کے عام انتخابات میں دھاندلی نے پاکستان کو خطے میں پیچھے چھوڑ دیا۔