وزیراعظم کی صدر آذربائیجان اور عوام کو امن معاہدے پر مبارکباد

وزیراعظم نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے پر صدرالہام علیوف اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ٹیلی فون رابطہ ہوا جس میں شہبازشریف نے تنازع کے پُرامن حل میں صدر الہام علیوف کے بصیرت انگیز کردار کی تعریف۔

وزیراعظم نے تاریخی امن معاہدے پر امریکی صدر ٹرمپ کے کردار کو خاص طور پر سراہا۔

صدرالہام علیوف نے کاراباخ کے معاملے پر پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت کو قابل قدر قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اس بنیادی مسئلے پر آذربائیجان کے بہن بھائیوں کےساتھ ہیں صدر الہام علیوف کی مدبرانہ  قیادت میں اس خطے میں امن قائم ہوا۔

https://urdu.arynews.tv/nobel-peace-prize-trump-armenia-azerbaijan/

آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے وزیراعظم شہبازشریف سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پر امن ماحول سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان روابط بڑھانے کے نئے موقع پیدا ہوں گے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں جس معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، اس کی شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ امریکا کو آرمینیا کے ایک ایسے راستے پر خصوصی ترقیاتی حقوق دیے جائیں گے جو آذربائیجان کو نخچیوان سے جوڑے گا، یہ آذربائیجان کا ایک علاقائی حصہ ہے جو باکو کے اتحادی ترکی کی سرحد سے متصل ہے۔

ایران کی سرحد کے قریب سے گزرنے والی اس راہداری کا نام ’ٹرمپ روٹ برائے بین الاقوامی امن و خوش حالی‘ یا TRIPP رکھا جائے گا، اور یہ آرمینیا کے قوانین کے تحت کام کرے گی۔ ولایتی کا کہنا تھا کہ یہ راستہ نیٹو کو اس قابل بنا دے گا کہ وہ ایران اور روس کے بیچ ’ایک سانپ کی مانند‘ اپنی پوزیشن سنبھال لے۔

عالمی سطح پر پڑوسی ممالک کے درمیان جنگیں رکوانے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دیے جانے کی تجاویز بڑھتی جا رہی ہیں، اب ان ممالک میں آرمینیا اور آذربائیجان بھی شامل ہو گئے ہیں، تاہم دوسری طرف اسرائیل کے ہاتھوں غزہ میں 60 ہزار فلسطینیوں کا قتل امریکا اور ٹرمپ کی امن پالیسی پر بڑا سوال ہے۔

وزیر اعظم آرمینیا نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن نوبل انعام کے حق دار ہیں، آج کے دن محفوظ اور پرامن مستقبل کی بنیاد پڑی ہے، امریکی صدر کی کوششوں کی وجہ سے امن معاہدہ ممکن ہوا، امریکا کے ساتھ مل کر امن اور خوش حالی کے لیے کام کریں گے، میں ٹرمپ کو گیم چینجنگ ڈیل کرانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ٹرمپ کو امن نوبل انعام دینے کے لیے نوبل کمیٹی کو خط لکھیں گے، وہ نوبل کے اصل حق دار ہیں، انھوں نے گزشتہ 6 ماہ میں امن کے لیے معجزے کیے ہیں، صدر آذربائیجان نے کہا میں امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پابندیاں ہٹا دیں، اب دوطرفہ تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کا بہترین موقع ہے، ہمارے عوام آج کا دن اور ٹرمپ کا کردار یاد رکھیں گے۔