پشاور : آپریشن خیبر -4 کے دوران دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے فوجی جوان عبدالجبار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے جب کہ شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں میں سپرد خاک کیا جائے گا اُن کی نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری اور سول حکام نے شرکت کی۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید جوان عبد الجبارکی نمازجنازہ پشاورگیریژن میں ادا کردی گئی ہے جس میں کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد سمیت اعلیٰ فوجی و سول حکام نے بھی شرکت کی۔
آپریشن خیبر فور، سپاہی عبدالجبارشہید ، 13دہشت گرد ہلاک*
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ کے بعد شہید جوان کی میت آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے جہاں شہید کو مقامی فوجی افسران کی موجودگی میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
خیال رہے آج وادی راجگال میں آپریشن خیبر فور کے دوران فضائیہ،آرمی ایویشن، آرٹلری کی مدد سے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانےتباہ کر دیئے، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے جب کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عبدالجبارنے شہادت کی سعادت حاصل کی تھی۔