قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے سابق کپتان بابر اعظم سے لڑائی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
ایشیا کپ 2023 کے دوران سابق کپتان بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے درمیان میچ کے بعد ٹیم میٹنگ کے دوران مبینہ طور پر جھگڑے کے بارے میں خبریں سامنے آئی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی آخری گیند پر شکست کے بعد کشیدگی عروج پر تھی اور مبینہ طور پر بابر نے بعض سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔
تاہم اب اس معاملے پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ہمیں کسی اور کے سامنے خود کو درست ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ہم جانتے ہیں کہ جب میٹنگ میں ہوتے ہیں تو ہم ٹیم کے لیے بولتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کاہ کہ ہم دونوں جانتے ہیں کہ ہمیں کارکردگی دکھا کر پاکستان کا نام بلند کرنا ہے، پاکستانی ٹیم ہماری فیملی ہے اور ہمیں اس کے لیے چیزیں درست کرنی ہیں۔
اس سے قبل بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب بھی میچ ہارتے یا جیتتے ہیں تو ٹیم میٹنگ ہوتی ہے لیکن کبھی کبھی اسے اس طرح پیش کیا جاتا ہے جیسے ہماری لڑائی ہوئی ہو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
بابر کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں جتنا ہم اپنے خاندان سے کرتے ہیں۔