ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ پر شاہین آفریدی نے کیا کہا؟

شاہین آفریدی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا بیان آگیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز پانچ اکتوبر سے بھارت میں ہوگا لیکن پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی، دوسرے میچ میں 10 اکتوبر کو گرین شرٹس کو سری لنکا کا چیلنج درپیش ہوگا۔

پاک بھارت ٹیمیں احمد آباد کے میدان میں 14 اکتوبر کو ٹکرائیں گی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آئی سی سی نے شاہین آفریدی کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ پاک بھارت میچ سے متعلق اظہار خیال کررہے ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ جب بھارت کے خلاف احمد آباد میں میچ ہوگا تو تقریباً ایک لاکھ کے قریب شائقین میدان میں موجود ہوں گے، وہ میچ ایسا ہوتا ہے اگر کوئی پرفارمنس کر جائے تو لوگ آپ کو ہیرو بنادیتے ہیں۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ امید ہے کہ بھارت میں بھی لوگ آئیں گے اور پاکستان کو سپورٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اسکواڈ تیار کرلیا گیا ہے جس کا اعلان کل متوقع ہے، انجری کا شکار نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔