شاہین شاہ آفریدی جاتے جاتے بھی کمال کر گئے

شاہین شاہ آفریدی انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ سے رخصت ہوتے ہوتے بھی کمال کر گئے اور اپنی ٹیم ناٹنگھم شائر کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ جو انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور یہ سیزن کے ان کے لیے کافی یادگار بھی رہا ہے اپنی قومی ذمے داریوں کے باعث وطن واپس آ رہے ہیں انہوں نے لیگ سے رخصت ہوتے ہوتے بھی اپنی کمال پرفارمنس سے شائقین کرکٹ کو دھمال ڈالنے پر مجبور کر دیا۔

گزشتہ روز لیگ میں اپنے آخری میچ میں بھی زبردست بولنگ کا جادو جگایا اور آخر میں دو ڈیتھ اوور میں صرف سات رنز دیے اور دو حریف کی دو وکٹیں اڑا ڈالیں۔

شاہین شاہ کی اس لاجواب پرفارمنس کی بدولت ناٹنگھم شائر نے ناک آؤٹ مرحلے کوارٹر فائنل کے لیے ٹکٹ کٹا لیا ہے۔

قومی فاسٹ بولر نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے اس سیزن میں چودہ میچ کھیل کر 22 وکٹیں حاصل کیں اور شائقین کرکٹ سے خوب داد سمیٹی ہے۔

تین روز قبل ہی شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں اپنی طوفانی بولنگ سے حریف بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا کر رکھ دیے تھے۔

انہوں نے برمنگھم کے خلاف اپنے پہلے ہی اوور میں چار وکٹیں لی تھی اور ٹی ٹوئنٹی میں ابتدائی اوور میں چار وکٹیں لینے والے پہلے بولر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔