پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے ہرا دیا شاہین شاہ نے شکست کی ذمے داری ہوا پر ڈال دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 8 میں گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو با آسانی 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی جس کے باعث سلطانز نے تیسری بار پی ایس ایل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
کوالیفائر میں یکطرفہ مقابلے میں بڑے مارجن سے میچ ہارنے اور بلے بازوں کے ڈھیر ہونے پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ نے موسم کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ موسم ہمارے بلے بازوں کی بری پرفارمنس کی وجہ بنا۔ ملتان جب بولنگ کرنے میدان میں آئی تو ہوا چلنے لگی اور ہوا چلنے سے ٹریل کو مدد ملی تاہم یہی قدرت کا نظام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لاہور قلندرز کی رواں ایونٹ میں پرفارمنس بالخصوص ان فارم اوپنر فخر زمان کی موجودگی میں لگ رہا تھا کہ قلندرز میچ جیت جائیں گے۔
تاہم جب قلندرز کے بلے باز میدان میں اترے تو خزاں رسیدہ پتوں کی طرح وکٹیں گرنے سے تمام شائقین کرکٹ بالخصوص لاہور کے فینز شدید حیرت اور مایوسی کا شکار ہوئے۔ قلندرز کی پوری ٹیم 14.3 اوورز میں صرف 76 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس بری شکست کے باوجود لاہور قلندرز کے فینز کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے اور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کا ایک اور موقع کل ملے گا لیکن اس کے لیے اسے آج کے پہلے ایلیمنیٹر کی فاتح ٹیم کی دیوار کو گرانا ہوگا۔