شاہین شاہ گیند کے بعد بلّے سے بھی جادو جگانے کو تیار

پی ایس ایل 8 میں اپنی ٹیم کو دوبارہ چیمپئن بنانے کے بعد نیوزی لینڈ کو حیران کرنے کے لیے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ گیند کے بعد بلے سے بھی جادو جگانے کو تیار ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے کل پاکستان پہنچ رہی ہے جس کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیم کی پریکٹس جاری ہے۔ گزشتہ روز پریکٹس سیشن میں پیسر شاہین شاہ آفریدی نے بلا تھام لیا اور نیٹ میں خوب بلے بازی کی۔ انہوں نے مختلف شاٹس لگا کر اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کا بھی اظہار کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسٹار فاسٹ بولر کی بیٹنگ پریکٹس کی یہ ویڈیو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں وہ نیٹ میں پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اس حوالے سے شاہین شاہ کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کا شروع سے شوق ہے لیکن باقاعدگی سے کبھی نہیں کی۔ ری ہیب کے دوران بیٹنگ پر بھی بہت کام کیا ہے، آہستہ آہستہ بیٹنگ میں بھی چیزیں سیکھ رہا ہوں۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کوشش ہے کہ بیٹنگ میں بہتری آئے اور پاکستان کے لیے کام آئے، جس نمبر پر بھی بیٹنگ کروں کوشش ہے ٹیم کو جتواؤں۔