سابق وزیراعظم کی فوری سرجری کا فیصلہ

اسلام آباد: نجی اسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی فوری سرجری کا فیصلہ کیا ہے ، شاہدخاقان عباسی کو گزشتہ 4سال سے ہرنیا کی تکلیف ہے جبکہ میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طبعیت ناسازی کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں شاہدخاقان عباسی کےعلاج کےلیےنجی اسپتال کامیڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا اور میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کاطبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر شاہدخاقان عباسی کے ابتدائی ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے ، جس کے مطابق ان کا شوگر، بلڈ پریشرلیول معمول کے مطابق ہے، جس کے بعد خصوصی میڈیکل بورڈ نےسابق وزیراعظم کے فوری آپریشن کی تجویز دی۔

اسپتال زرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے ہرنیاکاآپریشن آج شام ہوگا، شاہدخاقان عباسی کوگزشتہ4سال سےہرنیاکی تکلیف ہے۔

مزید پڑھیں : محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

خیال رہے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم کی نجی اسپتال منتقلی کی اجازت دی تھی، مراسلے میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے، ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی مشاورت سے جیل منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو ایل این جی کیس میں 26 ستمبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا، قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کی جانب سے طبی بنیادوں پر دو ماہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔