کراچی: اسٹار آل راؤنڈر اور سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے بحالی پروگرام پر عمل کررہا ہوں، آئی سی سی ورلڈ الیون کی نمائندگی کروں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، شاہد آفریدی نے کہا کہ بطور کرکٹر اور مسلمان میچ کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اللہ کا حکم ہے ضرورت مند کی مدد کے لیے پوری قوت سے حصہ لو، چیریٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کی مدد ہوگی، 31 مئی کو لارڈز میں ملاقات ہوگی۔
I will be playing @ICC World XI vs @westindies as I feel strongly to support this as a cricketer & Muslim. I am following the rehab plan my Doctor gave 💯%. My Allah recommends to help people in need with all the power I have. C u @HomeOfCricket on 31st and let’s keep #HopeNotOut
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) May 18, 2018
واضح رہے کہ شاہد خان آفریدی ان دنوں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہیں، انہیں ڈاکٹرز نے تقریباً ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے، وہ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں پریکٹس سیشن کے دوران گھنٹے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے سبب وہ کراچی کنگز کی جانب سے دیگر میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 31 مئی کو لارڈز میں چیریٹی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا، چیریٹی میچ کا مقصد کیریبین جزائر میں 2017 کے دوران آنے والے طوفان ارما اور ماریا سے تباہ ہونے والے کرکٹ کے پانچ بڑے وینیوز کی بحالی کے لیے فنڈز اکٹھے کرنا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک بھی آئی سی سی ورلڈ الیون کی نمائندگی کررہے ہیں، شاہد آفریدی اور شعیب ملک 2009 کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔