قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سر پر ہے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی باربار تبدیلیوں سے فرق پڑے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کچھ ماہ میں پی سی بی کے تین چیئرمین تبدیل ہوگئے جو بھی چیئرمین پی سی بی ہو اسے تین سال کا وقت دینا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم فارم میں ہے، ہر شعبہ مضبوط ہے، قومی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی میں کرکٹرز کا ہونا لازمی ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ایس پی ایل کا برانڈ ایمبسیڈر بننے سے بہت خوش ہوں، سندھ کے بچوں کو دیکھ کر دلی خوشی ہوتی ہے، سہولیات کے فقدان کی وجہ سے کھلاڑی سامنے نہ آسکے لیکن اب بہت جلد سندھ کے نوجوان پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
سابق کپتان نے کہا کہ بلوچستان میں بھی ایسی لیگ شروع کرنی چاہیے، مل کر کام کریں گے تو کرکٹ کو ہر صوبے میں فروغ دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو چار ماہ کے لیے منتخب کیا گیا ہے اس سے قبل نجم سیٹھی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین تھے۔