شاہد آفریدی سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان

شاہد آفریدی سمیت 9 کھلاڑیوں کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان

لاہور(16 اگست 2025): حکومت پاکستان نے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر کھیلوں کے مختلف شعبوں میں 9 اہم شخصیات کے لیے سول ایوارڈز کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ ایوارڈز کھیلوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے جا رہے ہیں، جن میں قومی مینز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی شامل ہیں۔

لیجنڈری آل راؤنڈر آفریدی نے 524 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 2009 میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا حصہ تھے، سابق آل راؤنڈر کو کرکٹ میں شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

معروف کوہ پیما شہروز کاشف، جو 8000 میٹر سے زیادہ کی تمام 14 چوٹیوں کو سر کرنے والے سب سے کم عمر پاکستانی ہیں، اور مرحوم گھڑ سوار ملک محمد عطا کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہال آف فیمر ثنا میر کو بھی ستارہ امتیاز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، تقریباً 15 سال تک پاکستان کی نمائندگی کرنے والی سابق آف اسپنر اس سال جون میں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن گئیں ہیں۔

اسی طرح پاکستان کے کامیاب ترین پیرا ایتھلیٹ حیدر علی کو بھی ستارہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ حیدر نے پاکستان کے لیے چار تمغے جیتے ہیں، جن میں ان کا سب سے حالیہ تمغہ گزشتہ سال پیرس پیرا اولمپکس میں ڈسکس تھرو میں کانسی کا تمغہ تھا۔

قومی مکسڈ مارشل آرٹسٹ شاہ زیب رند اور کبڈی کھلاڑی محمد سجاد کو ان کی اپنی کامیابیوں پر صدارتی ایوارڈ برائے پرائیڈ آف پرفارمنس (پی اے پی پی) سے نوازا جائے گا۔

اس کے علاوہ اسکواش کے کھلاڑی حمزہ خان، شوٹر محسن نواز اور ٹینس کھلاڑی راشد ملک کو تمغہ امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے، واضح رہے کہ یہ ایوارڈز 23 مارچ 2026 کو یوم پاکستان کے موقع پر پیش کیے جائیں گے۔