شاہد آفریدی کا پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختیار کو خراج عقیدت پیش

کراچی : سابق کپتان شاہدآفریدی یوم دفاع و یوم شہدا کے موقع پر پاک فضائیہ کی شہید پائلٹ مریم مختیار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ان کی بہادری اور ہمت کے بارے میں سننا بہترین تجربہ تھا ،مریم مختیارکو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و یوم شہدا پر سابق کپتان شاہدآفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا یوم دفاع تمام پاکستانیوں کے لیے اہم دن ہے، پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کے گھر گیا تھا ، ان کی بہادری اور ہمت کے بارے میں سننا بہترین تجربہ تھا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی پائلٹ مریم مختیار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان زندہ باد !

یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ یوم دفاع و یوم شہدا 6 ستمبر کو گزشتہ سال کی طرح بھرپور طور پر منائیں گے، ہر شہید کو یاد رکھا جائے اور ہر شہید کے گھر جائیں۔

واضح رہے 2015 میں فلائنگ آفیسر مریم مختیار اپنے انسٹرکٹر، ثاقب عباسی کے ساتھ معمول کی تربیتی پرواز پر تھیں، جب میانوالی کے قریب ان کا طیارہ تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا اور مریم مختار حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کر گئیں تھیں۔

مریم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی شہید ہونے والی پاک فضائیہ کی پہلی فائٹر پائلٹ ہیں، ان کو تمغۂ بسالت سے بھی نوازا گیا تھا۔