شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کی ریٹائرمنٹ پر کیا کہا؟

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’ایک شاندار کیریئر پر ویرات کوہلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ کے جذبے، شدت اور پیشہ ورانہ مہارت نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئے معیار قائم کیے ہیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ پیوریسٹ فارمیٹ آپ کی موجودگی اور مسابقتی جذبے سے محروم رہے گا۔‘

2011 میں ڈیبیو کرنے والے 36 سالہ ہندوستانی بلے باز نے 46.85 کی اوسط سے 123 میچوں میں 9,230 رنز اور 30 ​​سنچریوں کے ساتھ اپنے ریڈ بال کیریئر کا اختتام کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ 14 سال پہلے کی بات ہے جب میں نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے لیے سفید لباس پہنا، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ فارمیٹ مجھے کس سفر پر لے جائے گا۔

یہ پڑھیں: ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویرات کوہلی نے کہا کہ اس نے مجھے آزمایا، نکھارا اور ایسی زندگی کی سچائیاں سکھائیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی، میں اس فارمیٹ سے رخصت ہو رہا ہوں، یہ آسان نہیں، لیکن مجھے یہ صحیح محسوس ہو رہا ہے۔ میں نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنی تمام تر توانائیاں دیں اور بدلے میں اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔

کوہلی نے 68 میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی، 40 جیتے، صرف 17 ہارے، اور ٹیم کو 2021 اور 2023 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں لے گئے۔

بھارت کا اگلا امتحان انگلینڈ کے خلاف 20 جون سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی سیریز ہے۔