کراچی: قومی کرکٹر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی انتخابات کے نتائج پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا منصب مودی جیسے انسان پر زیب نہیں دیتا۔
تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کو وہ انداز اپنانا چاہیے جیساوزیراعظم عمران خان کا ہے کیونکہ اُن کی باڈی لینگویج عہدے سے مطابقت نہیں رکھتی۔
شاہد آفریدی نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘‘حیرت ہے کہ بھارت کے پڑھے لکھے لوگوں نے مودی کو کامیاب کرایا، اب انہیں مثبت رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ سابق کپتان نے دیگر پڑوسی ممالک کو بھی بھارت کی طرح پاکستان کے ساتھ رابطے رکھنے کا مشورہ دیا۔
مزید پڑھیں: ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری
سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ ہر طرف سےگھیرا جارہا ہے، اب حکومت اور اپوزیشن کو مل کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا، کیونکہ مشکل حالات میں ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔
کرکٹ کی بات کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض نے ہر کسی کو خواب میں دیکھ لیا، امید ہے اب وہ اچھی پرفارمنس دے کر اپنا خواب پورا کریں گے، سرفراز کو اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کرنا پڑے گی کیونکہ اگر ٹیم کو کپتان لیڈ کرے تو ہی زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کو بولا ہے آخری ورلڈ کپ ہےدل کھول کر کھیلو، آخری کے کھلاڑی اگر میچز میں رنز کرجائیں گے تو اس کا ٹیم کو بہت فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ1992 ایک بڑی ٹیم تھی وہ بھی رمضان میں چیمپئن بنے اور آج پھر پاکستان کے پاس موقع ہے۔
بھارتی کرکٹر گوتھم گھمبیر پر تنقید کرتے ہوئے آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ بے وقوف انسان ہے اور میں ایسے لوگوں کے بارے میں ہرگز کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔