’ٹک ٹاک تو بند کرواؤ‘

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے سے ٹک ٹاک بند کروانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور گلوکار شہزاد رائے حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے۔

انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے شہزاد رائے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہر چیز کے لیے آواز اٹھاتے ہو، ٹک ٹاک تو بند کرواؤ، یہ کیا بات ہوئی کبھی بند کردیتے ہیں کبھی کھول دیتے ہیں، یہ لوگ کیا کررہے ہیں۔

آفریدی نے شہزاد رائے سے کہا کہ آپ اسلام آباد جارہے ہیں تو وہاں سے یہ ایپ بند کرواکے آئیے گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے ملک کے بہت سے دور دراز علاقوں میں تعلیم پہنچی نہیں ہے، وائی فائی پہلے پہنچ گیا اسے چلانے کے لیے بھی آپ کو تعلیم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک کو لے کر اب تک کتنے ہی واقعات ہوچکے ہیں، لوگوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ اسے کیوں استعمال کیا جانا چاہیے، اسے کتنا اور کیسے استعمال کرنا ہے۔

آفریدی نے کہا کہ 12 سے 13 سال کے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل دیکھ کر حیران ہوجاتا ہوں، میری بیٹی ابھی 19 اسل کی ہوئی ہے اب میں نے اسے فون دیا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بچے اپنے اہداف کے حصول پر توجہ دیں۔

شہزاد رائے نے بھی آفریدی سے اتفاق کیا تاہم انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی لگانے کے بجائے اسے کنٹرول کرنا زیادہ اہم ہے۔