’چاہتا ہوں افتخار پاکستان کیلیے میکسویل کی طرح اننگز کھیلیں‘

شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افتخار احمد سے میکسویل جیسی جارحانہ اننگز کھیلنے کی توقعات وابستہ کرلیں۔

ورلڈ کپ میں گزشتہ روز نیدرلینڈز کے خلاف آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے 40 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری اسکور کی ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

گلین میکسویل کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے میکسویل کی اننگز کی تعریف کی اور کہا کہ ’میکسویل نے ورلڈ کپ کی ٹاپ کلاس پاور ہٹنگ دکھائی، آسٹریلیا اس جیت کی حقدار ہے۔‘

شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ امید کرتا ہوں کہ افتخار احمد قومی ٹیم کے لیے ایسا ہی کردار ادا کریں گے، افتخار یقینی طور پر ایسی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پچز کو پاور ہٹنگ کے لیے تیار کیا گیا ہے، ہم سب کو اب آپ کی ایسے ہی اننگز کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے اپنے چھٹے میچ میں قومی ٹیم کل جنوبی افریقہ کے مدمقابل آئے گی۔