سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے میچز نہ کھیلنے کی وجہ بتادی۔
برطانیہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیلنے کا بہت دل تھا مگر ابھی انجری کی وجہ سے ڈاکٹر نے منع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستان کا وقار بڑھانے کے لیے کھیلیں گے، فائنل میں پاکستان چیمپئنز بھرپور مقابلہ کرے گی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ فائنل میں انہیں اچھا پرفارم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شعیب ملک نے بتایا تھا کہ شاہد آفریدی کمر کی انجری کی وجہ سے میچز نہیں کھیل رہے۔
یہ پڑھیں: لیجنڈز لیگ: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان فائنل آج کھیلا جائے گا
پاکستان چیمپئنز اور جنوبی افریقا چیمپئنز کے درمیان ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا فائنل آج ایجبسٹن، برمنگھم کے مقام پر کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل بھارتی چیپئنز کی ٹیم کے پاکستان کے خلاف پہلے سیمی فائنل میں کھیلنے سے انکار پر پاکستان چیمپئنز کی ٹیم کو واک اوور دے دیا گیا اور پاکستان چیمپئنز ٹیم باآسانی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں پہنچ گئی۔
دوسرے سیمی فائنل میچ میں جنوبی افریقا چیمپئنز نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا چیمپئنز کو 1 رن سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقا چیمپئنز کو مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز لیڈ کررہے ہیں جبکہ پاکستان چیمپئنز ٹیم کو مایہ ناز بلے باز محمد حفیظ لیڈ کر رہے ہیں پاکستان ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست ہے پول میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرا چکی ہے۔