سابق کپتان بوم بوم شاہد خان آفریدی نے اپنے جارحانہ کھیل سے تو ایک دنیا کو اپنا دیوانہ بنائے رکھا مگر اب ان کے ہیئر اسٹائل کے چرچے بھی امریکا میں ہو رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بوم بوم کے نام سے دنیا بھر میں شہرت پانے والے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے جارحانہ کھیل سے ایک دنیا کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے لیکن اب تو ان کی شہرت امریکا تک جا پہنچی ہے اور اس کی وجہ ان کا کھیل کرکٹ یا چوکے چھکے نہیں بلکہ ان کا ہیئر اسٹائل ہے۔
دنیا بھر میں عموماً ہیئر ڈریسر نوجوانوں کو لبھانے کے لیے اپنی شاپس پر نت نئے بالوں کے نت نئے اسٹائل کی تصاویر بڑے بورڈ کی صورت میں رکھتے ہیں تاکہ ان کی دکان پر آنے والے گاہک اپنی مرضی کا ہیئر اسٹائل منتخب کرسکیں۔
ایسا ہی کچھ ہوا ہے امریکا میں جہاں نیویارک کی ایک سڑک پر واقع ہیئر ڈریسر کی دکان کے باہر بورڈ پر مختلف شخصیات کے بالوں کے اسٹائل کی تصاویر پر مبنی بورڈ لگایا گیا ہے جس میں ماضی کے اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کی تصویر بھی شامل ہے جو تصاویر کی ترتیب میں پہلے نمبر پر ہے۔
بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے حجام نے اپنی دکان میں شاہد آفریدی اور بھارتی اداکاروں کی تصاویر کا انتخاب اپنے گاہکوں کے لیے کیا ہے۔ بورڈ پر مختلف اسٹائل کی ہیئر کٹنگ پر مبنی 9 تصاویر شامل کی گئی ہیں۔
یہ حجام دکان پر آنے والے اپنے گاہکوں سے پہلے سوال کرتا ہے کہ وہ ان تصاویر میں سے کس شخصیت کے جیسی ہیئر کٹنگ کروانا چاہتے ہیں۔ تصاویر میں شاہد آفریدی کے علاوہ بھارتی اداکار سلمان خان اور عمران ہاشمی کی تصاویر بھی شامل ہیں۔