شاہد کپور کو کون سی فلم ٹھکرانے کا پچھتاوا 17 سال بعد بھی ہے؟

معروف بھارتی اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے کہ انہیں سنہ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم رنگ دے بسنتی میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جو وہ قبول نہ کرسکے، اور اس کا انہیں آج بھی افسوس ہے۔

ایک پرانے دیے گئے انٹرویو میں شاہد کا کہنا تھا کہ انہیں فلم رنگ دے بسنتی میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

شاہد کے مطابق انہیں اس میں سدھارتھ کا کردار آفر کیا گیا تھا، وہ فلم کا اسکرپٹ پڑھ کر رو دیے تھے اور اس فلم میں کام کرنا چاہتے تھے، لیکن وقت کی کمی کے باعث انہیں انکار کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ راکیش اوم پرکاش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم رنگ دے بسنتی کالج کے کھلنڈرے دوستوں کی کہانی تھی، سنہ 2006 میں ریلیز ہونے کے بعد یہ سال کی کامیاب ترین فلموں میں شامل رہی۔

شاہد کپور کے مطابق انہیں اس فلم میں کام نہ کرنے کا پچھتاوا آج بھی ہے۔

یاد رہے کہ سنہ 2003 میں شاہد کپور نے فلم عشق وشق سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، ان کی بے شمار فلموں میں سے کچھ ہٹ ہوئی تھیں جن میں جب وی میٹ، حیدر، اور پدماوت وغیرہ شامل ہیں۔

2019 میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم کبیر سنگھ متنازعہ ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے جبکہ حال ہی میں انہوں نے ایک ویب سیریز فرضی میں بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔