مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نواز شریف جب بلائیں جاؤں گا لیکن اس مرتبہ الیکشن نہیں لڑوں گا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ سے استعفیٰ نہیں دیا اور ٹکٹ کیلیے بھی اپلائی نہیں کیا، اپلائی نہ کرنا یہ ہی معنیٰ رکھتے ہیں کہ پارٹی کے ساتھ نہیں کیونکہ آج کل جو سیاست ہو رہی ہے اس سے میں مطمئن نہیں ہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں ایک سے زائد جماعتیں بنیں گی اور کوئی راستہ نہیں، سیاسی جماعتوں کی جگہ رہتی ہے ایک نئی جماعت بھی بنے گی اس کیلیے اسپیس موجود ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ تینوں بڑی پارٹیوں نے ملک کو کچھ بھی نہیں دیا، نواز شریف الیکشن لڑیں گے تو ان کو میری ضرورت نہیں ہوگی، نواز شریف کو میرا مؤقف واضح تھا اس مرتبہ الیکشن لڑنا ممکن نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کا جو آج راستہ اپنایا گیا ہے اس سے اتفاق نہیں کرتا، اقتدار کی سیاست ہمیشہ ناکام ہوتی ہے عوام کیلیے سیاست کرنی چاہیے، لاڈلے کی باتیں چلتی رہتی ہیں تنقید کی جاتی رہتی ہے، لوگوں کو سلیکٹڈ کر کے اوپر لائیں گے تو سیاست اور ملک کو نقصان ہوتا ہے، 35 سال سے ایسی حرکتیں دیکھتا رہا ایسا کرنے والے بھی نقصان اٹھاتے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا آئندہ کسی بھی جماعت کو اکثریت ملے گی، انتخابات میں کوئی بھی جماعت اکثریت نہیں لے سکے گی ہر جماعت چاہتی ہے کہ اتحاد کے ذریعے ہی ہو حکومت بن جائے، (ن) لیگ الیکشن سے پہلے ہی اتحاد بنانے کی کوششیں کر رہی ہے، اس کا اتحاد ابھی سے بنتا ہوا نظر آ رہا ہے۔