اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ عوام نے فیصلہ کیا ، ہم اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اگر ہم ہار گئے تو عمران خان کی طرح اٹھ کر بھاگیں گے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما شاہدخاقان عباسی نے نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا چیئرمین تو گھر چلاگیا،نیب کا سرکس چل رہاہے، جو ظلم ان لوگوں نے کیے ہیں ان کو جوابات دینا پڑیں گے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج ہم نےعدالت سے پوچھا کہ یہ بتائیں ہماراجرم کیا ہے، ہر دوسرا لفظ منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ جس پیسے پر ٹیکس دیا ہو کیا اس پر منی لانڈرنگ ہوسکتی ہے ، اس کا جواب نہ نیب کے پاس ہے نہ عدالت کے پاس۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی منی لانڈرنگ کاکیا ہوگا، وہ ثبوت بھی ابھی سامنے آئیں گے ، جاویداقبال کوچیلنج ہے کہ اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھو۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جاویداقبال 4 سال تک احتساب کے جھوٹے دعوے کرتے رہے ، جاویداقبال احتساب کےداعی ہیں تو اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھیں۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں آج پھر کہا ہے کہ نیب کو ختم کریں، جب تک نیب کا وجود رہے گا کوئی افسر کام نہیں کرے گا، نیب نے ملک کا کھربوں روپے کا نقصان کیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ یہ20سیٹیں پی ٹی آئی کی تھیں عوام کافیصلہ ہےہم قبول کرتے ہیں ، عام انتخابات کا ضمنی الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، جو جیتے گا وہ حکومت جو ہارے گا وہ اپوزیشن میں بیٹھے گا، اگر ہم ہار گئے توعمران خان کی طرح اٹھ کربھاگیں گے نہیں۔