سارا انعام قتل کیس : مرکزی ملزم شاہ نواز اور والدہ ثمینہ شاہ پر فردِ جرم عائد

اسلام آباد : سیشن عدالت نے سارا انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہ نواز اور اس کی والدہ ثمینہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سیشن کورٹ میں سارا انعام قتل کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس کی جانب سے چالان جمع کرانے کے بعد سیشن جج عطاربانی نےمرکزی ملزم شاہ نوازاوراس کی والدہ ثمینہ شاہ پرفردجرم عائد کردی۔

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا ، جس پر عدالت نے 14 دسمبر کو پراسیکوشن کےگواہ طلب کرلیے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے سارہ انعام قتل کیس میں چالان سیشن کورٹ میں جمع کروایا ، جس میں کیس کے مرکزی ملزم شاہ نواز نے سارہ انعام کے قتل کا اعتراف کر لیا۔

چالان میں بتایا گیا کہ ملزم شاہ نواز نے دوران تفتیش بتایا کہ سارہ انعام اسے رقم نہیں بھیجتی تھی، قتل سے چند روز پہلے سارہ کے ساتھ فون پر تلخ کلامی کے بعد سارہ کو طلاق دے دی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد 22 ستمبر کو سارہ انعام ابو ظہبی سے ملزم شاہ نواز کے فارم ہاؤس میں آئی، ملزم کا کہنا ہے کہ رات کو سارا انعام نے تکرار شروع کردی اور رقم کا حساب مانگنے لگی جس پر پہلے سارہ انعام کو شو پیس مارا۔

ملزم شاہ نواز نے بتایا کہ زخمی ہونے کے بعد سارہ انعام نے شور کرنا شروع کیا تو ڈمبل اٹھا کر اس کے سر پر متعدد وار کر کے قتل کردیا۔

مرکزی ملزم شاہ نواز نے پولیس کو بتایا کہ بیوی کی لاش باتھ روم کے ٹب میں چھپا دی۔